چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے پاکستان سے باہر انعقاد پر غور جاری ہے، وکرانت گپتا کا دعویٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپیئز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں وکرانت گپتا نے کہا کہ آئی سی سی اب ایک تھرڈ آپشن پر غور کرتے ہوئے پوری چیمپیئنز ٹرافی کو پاکستان سے کہیں باہر دبئی، سری لنکا یا جنوبی افریقہ منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 2 آپشنز میں ایک تو چیمپیئن شپ کا پاکستان میں انعقاد ہے جبکہ دوسرا آپشن ٹورنامنٹ کچھ میچز پاکستان میں جبکہ بھارت کے میچز اور سیمی فائنل و فائنل دبئی میں منعقد کرانا ہے تاہم اب انٹرنیشنل باڈی تھرڈ آپشن پر غور کر رہی ہے۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ ان تینوں آپشنز کے لیے بجٹ تیار کیا جا رہا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہوسٹنگ کے حقوق برقرار رہیں گے۔
حتمی آپشن نومبر کے وسط تک سامنے آسکے گا
بھارتی صحافی و اینکر نے کہا کہ یہ بہت بڑی پیش رفت ہے کیوں کہ چیمپیئنز ٹرافی کو پاکستان سے مکمل طور پر باہر منتقل کرنا آسان نہیں ہے لیکن جو آپشن آئی سی سی کے زیرغور ہے وہ پی سی بی کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی حتمی بات کم از کم نومبر کے وسط سے پہلے سامنے نہیں آسکے گی۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی قومی ٹیم کو پاکستان کے سفر کی منظوری نہیں دی ہے۔