اسلام آباد میں شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹس اور سنوکر کلب بند کرنے کے احکامات جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں 12 سے 16 اکتوبر تک شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹس اور سنوکر کلب بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں شادی ہال، کیفے وغیر بند کرنے کا فیصلہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تاجروں کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔
اسلام آباد کے تھانوں کے ایس ایچ اوز کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ نوٹس کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فیصلے پر عملدرآمد کے لیے تاجروں سے ضمانت طلب کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شنگھنائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں رکن ممالک کے سربراہان اور دنیا کے مختلف ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔
گزشتہ ہفتے وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، فوج 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک وفاقی دارالحکومت میں تعینات رہے گی۔