پاکستان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے 27 معاہدے ہوں گے، سعودی وزیر سرمایہ کاری کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کا دروازہ کھلتے ہی ہمیں پاکستان کی فضا کی گرمجوشی محسوس ہوئی، ہر لمحہ محسوس ہوا۔ ہم دوست نہیں ایک خاندان ہیں۔
پاک سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات ہیں، ولی عہد پاکستان کو خاص مقام دیتے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے تعلقات معاہدوں سے ماورا ہیں جو 1400سال سے قائم ہیں۔
’پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔
خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلق قائم ہے، تجارت کو بڑھانے کے لیے ہمیں جغرافیائی قربت کافائدہ اٹھاناچاہیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے۔ دونوں ملکوں کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
’ہمیں علاقائی خوشحالی کے ہدف کے حصول کے لیے مل کرکام کرنا چاہیے، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ 25لاکھ پاکستانی سعودی عرب کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردارہے۔ ہم نے چیف آف آرمی اسٹاف سے بات کی۔ انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ ریڈ ٹیپ کو ریڈ کارپٹ سے بدل دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اور محمد بن سلمان خصوصی نظام ون ونڈو قائم کریں گے، 27 معاہدے سائن کیے جائیں گے اور تقریباً 2ارب ڈالر تک تجارت کو بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان جلد دنیا کی 24ویں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا، نائب وزیر اعظم
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جلد دنیا کی 24ویں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور اقتصادی بحالی ایجنڈے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت داری نئے دور میں داخل ہوگئی، پاکستان سعودی عرب کو کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔
پاکستان کا اگر ایک ہی اتحادی ہوتا تو وہ سعودی عرب ہوتا، مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا اگر ایک ہی اتحادی ہوتا تو وہ سعودی عرب ہوتا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری اور سعودی عرب میں پیٹرولیم خام مال کے بے پناہ وسائل موجود ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کو استعمال کر نے کی بڑی مارکیٹ موجود ہے، سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کرسکتا ہے، ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
فورم کا مقصد پاک سعودی تجارت اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانا ہے، جام کمال
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان سعودی عرب بزنس فورم میں سعودی وزیر سرمایہ کاری ڈاکٹر خالد بن عبدالعزیز اور پاکستان کے وفاقی وزرا شریک ہیں، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال نے سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد پاکستان میں موجود ہے، سعودی عرب بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا۔ سعودی عرب سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جیسے کہ زراعت، کان کنی، قدرتی آفات، اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا وژن 2030 قابل تحسین ہے، فورم کا مقصد پاک سعودی تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، پاکستان سعودی عرب کی اقتصادی تعاون کی کوششوں کا معترف ہے۔
روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے معاشی اصلاحات پر کام کیا ہے، پاکستان میں آئی ٹی سروسز میں ترقی ہوئی، اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت میں استحکام آیا ہے، ملک بھر میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے۔ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس وقت ریکارڈ سطح پر ہے۔
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، عبدالعلیم خان
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے پاک سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافہ ہماری ترجیح ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وسیع ترمواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔