رہائی کے بعد ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ نے پہلی پوسٹ میں کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرنے اور حکومت مخالف سلوگنز پر گرفتاری کے بعد رہا کردیا۔ معافی نامے کے بعد دونوں یوٹیوبرز کو رہا کیا گیا۔
ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی نے اپنی گرفتاری سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی اور نہ ہی ان کے سوشل میڈیا ہینڈلز پر ایسی کوئی اسٹوری یا پوسٹ موجود ہے جس سے ان کے ساتھ پیش آئے اس واقعے کی تصدیق ہوسکے اور تفصیلات مل سکیں۔
البتہ گرفتاری کی خبر کے کچھ گھنٹوں بعد ڈکی بھائی کی شیئر کردہ انسٹاگرام اسٹوری میں یوٹیوبر نے یہ ضرور کہا کہ وہ بہت مصروف تھے، اس لیے آج وی لاگ نہیں آ سکا، جس پر ان کی اہلیہ کہتی ہیں کہ ‘تم سونے میں مصروف تھے’۔
لاہور پولیس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عروب جتوئی نے کراچی میں اسلحہ کی نمائش کی اور اسے سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جس پر پولیس نے انہیں طلب کیا اور وارننگ دینے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔