عالمی دنیا

پاکستان کا بھارت میں جوہری و تابکاری مواد کی فروخت اور چوری پر تشویش کا اظہار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے بھارت میں جوہری و تابکاری مواد کی فروخت اور چوری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ایک انتہائی زہریلا اور تابکار مادہ کیلیفورنیم ایک گروپ کی غیر قانونی ملکیت میں پایا جانا باعثِ تشویش ہے اور پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل میں اس پر توجہ بھی مبذول کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ملک میں اس سے قبل (2021ء میں) بھی کیلی فورنیم کی چوری کے 3 واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پاکستان سلامتی کونسل سے اس طرح کے واقعات کے بار بار رونما ہونے کے حوالے سے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق اپنے فرائض کامیابی سے مکمل کیے ہیں اور مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کیا ہے جو عالمی معیار کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے بھارت میں جوہری و تابکاری مواد کی چوری اور اس کی غیر قانونی فروخت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں