کیا چوہدری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور اب پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے بھی چوہدری نثار کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا، ’مجھے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں، میں ملک کی ترقی اور قانون کی حکمرانی کے لیے انہیں پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتا ہوں، وہ ایک بااصول انسان ہیں۔‘
مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مشاہد حسین کو بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت
اعظم سواتی نے کہا کہ میں مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مشاہد حسین سید کو بھی پی ٹی آئی میں آنے کی دعودت دیتا ہوں، میں مولانا فضل الرحمان کو عقیدت کا سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قانونی کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اتنا بڑا قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وکلا کو شاباش دیتا ہوں جو آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج چور اور ڈاکو نواز شریف، شہباز شریف آصف زرداری کے علاوہ جتنے بھی سیاسی قائدین ہیں انہیں ملک کو بچانے کے لیے یکجا ہونا چاہیے، جو کچھ علی امین گنڈاپور کے ساتھ کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں، وہ عمران خان کا سایہ اور ترجمان ہیں، جس طریقے سے خیبرپختونخوا ہاؤس پر دھاوا بولا گیا اس حکومت کے لیے اس سے بڑی ذلالت کوئی اور نہیں ہوسکتی
انہوں نے کہا کہ حکومت دراصل ہے ہی نہیں، کمینے لوگوں کو حکومت میں بٹھایا گیا ہے، اب عوام، وکلا، سول سوسائٹی کے لوگ اور تمام سیاسی قائدین ان لوگوں سے حساب لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کے پی ہاؤس میں علی امین گنڈاپور کے ساتھ نہیں تھے، اپنے لوگوں کو بچانے کے لیے مجھے جس کام کے لیے مقرر کیا گیا تھا میں وہ کام کررہا تھا تاکہ وہ پولیس پر ہلہ نہ بولیں، میں نے اپنے 15 کارکنوں کو کے پی ہاؤس میں جانے سے بچایا، یہ تربیت عمران خان نے دی ہے، 9 مئی کا ڈرامہ چھوڑیں، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو یکجا کرنے کے لیے متحد ہوں، پاکستان کو یکجا کرنے کے لیے ایک ہی شخصیت ہے اور وہ عمران خان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں افواہیں زیرگردش تھیں کہ چوہدری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ تاہم چوہدری نثار علی خان کے خاندانی ذرائع نے ان افواہوں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی اسد قیصر سے اس حوالے سے ملاقات نہیں ہوئی، وہ آزاد حیثیت سے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
اس سے قبل، 2018 میں بھی عام انتخابات سے قبل ایسی افواہیں زیرگردش رہیں جن میں چوہدری نثار علی خان کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے متعلق دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی چوہدری نثار علی خان کے خاندانی ذرائع نے ان افواہوں کی تردید کی تھی اور انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا تھا۔