ایس سی او اجلاس: اسلام آباد میں تعطیلات، او اے لیول امتحانات کے انعقاد کی اجازت دیدی گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے اور امتحانات بھی ملتوی ہوگئے ہیں تاہم او، اے لیول امتحانات کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کا کہنا ہے کہ او/اے لیول کے امتحان کے لیے اسلام آباد کے 3 سینٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے، اور یہ مراکز ان تعطیلات کے باوجود کھلے رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ای الیون، نور محل جی ٹی روڈ اور ایچ ایٹ امتحانی مراکز کو کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ دیگر تعلیمی اداروں میں 14 سے 16 اکتوبر تک تعطیلات ہوں گی۔
واضح رہے کہ ایس سی او اجلاس کے باعث حکومت نے 14 سے 16 اکتوبر تک راولپنڈی اور اسلام آباد میں عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جبکہ 12 اور 13 اکتوبر کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ہے۔
انتظامیہ نے راولپنڈی میں شادی ہالز، اسنوکر کلبز، کیش اینڈ کیری مالز کو 12 سے 16 اکتوبر تک بند رکھنے کے احکامات دے دیے ہیں۔
ایس سی او کانفرنس کے باعث سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔