پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے ہوئے ہیں، اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے لیے اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح، سعودی وفد کے دیگر افراد سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیمی کنڈکٹرز کی تیاری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ تعمیراتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تقریب میں تعمیراتی شعبے، ٹیکسٹائل، پیٹرولیم، توانائی، ٹرانسپورٹ اور سائبر سیکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی طرف سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم پاکستان
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب کی طرف سے2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کا وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی ولی شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کی ترقی میں دلچسپی رکھتے ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔
شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے معاہدے نئی پیش رفت ہے، معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے تمام اقدامت یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ سعودی وفد آج ایک گھر سے دوسرے گھر آیا ہے، سعودی عرب کی معیشت کی بہتری میں ان کے وزیر سرمایہ کاری شہزادہ خالد بن عبدالعزیز الفالح کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی معاہدہ کامیابی سے مکمل کیا، عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ نئے معاہدے کے لیے سعودی عرب، چین اور یو اے ای کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم سعودی وژن 2030 کی حمایت سمیت دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کررہے ہیں۔
27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سفر کا محض آغاز ہے، سعودی وزیر سرمایہ کاری کی وزیراعظم سے گفتگو
اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ساتھ جن 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہورہے ہیں یہ سفر کا محض ایک آغاز ہے۔
وزیراعظم سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی، شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے پاکستان میں خاص طور پر کان کنی، زراعت، فوڈ سیکیورٹی، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں اضافے کے حوالے سے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔
سعودی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی وزیر کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
وزیراعظم کی سعودی وزیر سرمایہ کاری کو ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد
وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کو ہلال پاکستان ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی جو پاکستان سعودی تعلقات کو آگے بڑھانے میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔
انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان سعودی بزنس فورم میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی اور سعودی کاروباری برادریوں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کیا ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دوروں اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کا ذکر کیا اور کہاکہ سعودی وزیر کا یہ دورہ 6 ماہ کے اندر تیسرا اعلیٰ سطحی دورہ ہے جو دو طرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار کا ثبوت ہے۔
’وزیراعظم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی‘
وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی، جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کو حکومت کے نجکاری پروگرام سے آگاہ کیا اور سعودی عرب کو پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے
خصوصاً پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ میں میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص علاقائی اور عالمی چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت سمیت دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
’فلسطین، کشمیر اور اسلاموفوبیا جیسے معاملات پر سعودی عرب کے موقف کی تعریف‘
وزیراعظم نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں فلسطین، کشمیر اور اسلامو فوبیا جیسے معاملات پر سعودی عرب کے موقف کے حوالے سے سعودی عرب کی قیادت کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کررہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزیر بھی موجود تھے۔