علی امین گنڈاپور نے فیصل کریم کنڈی کو ٹیلیفون کرکے کیا کہا؟ گورنر نے بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کل فون کرکے جرگے میں شمولیت کی دعوت دی تھی، صوبے میں امن کے حوالے سے بات تھی جس کا انکار نہیں کرسکا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں تمام افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر جو چیزیں اور اختیار محسن نقوی سے مانگا گیا انہوں نے دیا۔
گورنر نے کہاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تمام معاملے کو لیڈ کریں، ورکنگ ریلیشن گروپ بنایا گیا ہے جو امن کے لیے کام کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ کل ہونے والے جرگے کی صدارت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے، جبکہ میں بھی اس میں شرکت کروں گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ جو آئین و قانون میں رہ کر کام کرے گا اس سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، میں ہمیشہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے بات کرتا رہا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں نوگو ایریاز بنے ہوئے ہیں، ہم صوبے میں امن و امان کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔