خاتون ٹیچر کو بچوں سے ٹانگوں کا مساج کروانا مہنگا پڑ گیا

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) سکول تعلیم حاصل کرنے کی جگہ ہوتی ہے لیکن کبھی کبھار ایسی ویڈیوز سامنے آتی ہیں جن میں اساتذہ یا سکول کے عملے کو اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے دیکھا جاتا ہے۔

بھارت کے سرکاری سکول کی ایک پریشان کن ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کچھ طلبا کو خاتون ٹیچر کی ٹانگوں کا مساج کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر خاتون ٹیچر کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے گورنمنٹ ہائر پرائمری اسکول میں پیش آیا، ویڈیو میں سرکاری سکول کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

صارفین سمیت دیگر سکول اساتزہ کی جانب سے واقعے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا۔ مبینہ طور پر فلمائی گئی اس ویڈیو میں ٹیچر کو کلاس روم میں لیٹے ہوئے دکھایا گیا۔رپورٹ کے مطابق سکول کی پرنسپل، انجو چودھری نے وائرل ویڈیو پر کہا کہ وہ اس واقعے سے لاعلم ہیں۔ ان کا اس واقعے سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ ٹیچر کی طبیعت ناساز ہو اور انہوں نے طلبہ سے پیروں کی مالش کرنے کی درخواست کی ہو۔ تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ حقیقت کا تعین کرنے کے لیے معاملے تحقیقات کرائی جائیں گی۔