پاکستان جنگ سے متاثر فلسطین و لبنان کیلیے 200 ٹن امدادی اشیا بھیجے گا


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان نے فلسطین اور لبنان کے لیے 200 ٹن امدادی اشیاء بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) نے فلسطین اور لبنان کو امدادی اشیاء بھیجنے کے لیے چارٹرپروازوں کی پیشکش طلب کرلی۔ اس سلسلے میں معروف ائیرکارگو کمپنیز سے 2 چارٹرڈ پروازوں کے لیے بولی طلب کرلی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہر طیارے میں 100 ٹن کے لگ بھگ امدادی سامان روانہ کیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والی ائیرکارگو کمپنیاں لازمی طور پر انکم اور سیلز ٹیکس کے محکموں میں رجسٹرڈ ہوں۔ بولی میں شریک ہونے کے درخواست فارم این ڈی ایم اے اور پیپرا کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ بولی کے دستاویزات، ہدایات ،شرائط و ضوابط کے ساتھ 13 اکتوبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ ‏ درخواستیں بولی دہندگان کی موجودگی میں اسی روز کھولی جائیں گی۔