مہوش حیات اور ہنی سنگھ ایک ساتھ، میوزک ویڈیو کب آرہی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ مہوش حیات پاکستان میں ہی نہیں بلکہ اپنی اداکاری و پرفارمنس سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں، وہ مختلف بین الاقوامی پروجیکٹس میں بھی اپنی پرفارمنس کے جلوے بکھیرچکی ہیں۔ تاہم، آج کل مہوش حیات بھارتی ریپ اسٹار ہنی سنگھ کے ساتھ ہمراہ دکھائی دے رہی ہیں۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھارتی گلوکار ہنی سنگھ اور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے مشترکہ طور پر ایک پوسٹ شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مداحوں نے بھی دونوں ستاروں کو ایک ساتھ دیکھ کرخوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں بھارتی ریپرہنی سنگھ مہوش حیات کے ہمراہ بیٹھے گانا گارہے ہیں، جبکہ انسٹا پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے عندیہ دیا کہ مداحوں کو جس کا انتظار تھا وہ گھڑی آگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دونوں فنکاروں کو گرین بیگ گراؤنڈ کے ساتھ خوش گوار انداز میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو دیکھ کر یہ اندازہ بھی ہوتا ہے کہ میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے دوران یہ کلپ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل بھی ہنی سنگھ نے رواں سال جنوری میں مہوش حیات کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ مہوش حیات زندہ دل انسان ہیں۔
اس پوسٹ کے بعد سے مداحوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی گئی تھیں کہ دونوں فنکاروں کو کسی نئی میوزک ویڈیو میں ایک ساتھ دیکھا جائے گا۔ تاہم، رواں سال مارچ میں انسٹا پوسٹ کے ذریعے ہنی سنگھ نے بتا دیا تھا کہ جلد ہی دونوں کو ایک ساتھ میوزک ویڈیو میں دیکھا جائے گا۔