تیاریاں مکمل، پاکستان غیر معمولی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں غیر معمولی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ 15 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی صدارت سربراہان حکومت کے موجودہ چیئر کی حیثت سے وزیراعظم شہباز شریف کریں گے جبکہ رکن ممالک کی نمائندگی چین، روس بیلاروس، قازقستان، کرغزستان تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پہلے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم دورے پر آئے وفود کے سربراہان سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ اجلاس میں معیشت تجارت، ماحولیات سمیت ثقافتی و سماجی روابط پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو ہوگا، بین الاقوامی وفود کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں جبکہ اسلام آباد کی تزئین و آرائش بھی بڑے پیمانے پر کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں کنونشن سینٹر کا دورہ کرکے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور تیاریوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا، ایس سی او اجلاس کے تناظر میں اسلام آباد کی سیکیورٹی بھی فول پروف کردی گئی ہے۔