لاہور میں پارکنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) نے صوبائی دارالحکومت میں پارکنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرلاہور سید موسیٰ رضا کے احکامت پر ایم سی ایل کے چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا لاہور میں غیر قانونی پارکنگ سائٹس کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے کوششوں کی قیادت کررہے ہیں۔
چوک یتیم خانہ پر 2 غیر قانونی پارکنگ پوائنٹس کا پردہ فاش ہوا ہے، جن میں سے ایک صارفین سے زائد کرایہ وصول کرتے ہوئے پایا گیا، چرچ روڈ اور ہال روڈ پر بھی ایسی ہی کارروائیاں کی گئی ہیں۔
گلبرگ ٹاؤن میں بھی 2 غیر قانونی پارکنگ سائٹس کی نشاندہی کی گئی، لاہور پولیس نے پارکنگ مافیا کے خلاف مجموعی طور پر 7 مقدمات درج کیے ہیں۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ پارکنگ مافیا کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
دریں اثنا ایم سی ایل نے لاہور شہر سے خانہ بدوشوں کو نکالنے کے لیے کام شروع کردیا ہے اور اقبال ٹاؤن میں طویل عرصے سے قائم غیر قانونی کیمپ ختم کرنے کے لیے بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں، اب تک علاقے سے خانہ بدوشوں کی 4 غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئی ہیں۔
ڈی سی سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ یہ آپریشن خانہ بدوشوں کو جگہ خالی کرنے کی ہدایت کے بعد کیا گیا ہے، خانہ بدوشوں کے کیمپوں کو ختم کرنے اور ان کی نقل مکانی کو آسان بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ خانہ بدوشوں کی نقل مکانی کے لیے نئے علاقے نامزد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد عملی اقدامات کے ذریعے شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنا ہے۔