وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو 23 اکتوبر تک گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے اسلحہ وشراب برآمدگی کیس میں مسلسل عدم پیشی پروارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے 23 اکتوبرتک گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
ہفتہ کے روز علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن جوڈیشل مجسٹریٹ مبشرحسن کی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس دوران علی امین گنڈا پور کے سابقہ وارنٹ گرفتاری کی بیلف رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکا۔
واضح رہے کہ تھانہ بہارہ کہو اسلام آباد میں صوبہ خیبر پختونخوا کے موجودہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے، جس پر وضاحت اور سچائی ثابت کرنے کے لیے عدالت نے متعدد بار علی امین گنڈا پور کو طلب کیا لیکن وہ مسلسل غیر حاضر رہے۔
ہفتہ کے روز پولیس نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے مزید ملہت کی استدعا کی، جس پر عدالت نے علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے انہیں 23 اکتوبر تک گرفتار کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔