حرم نبوی ﷺ کی زیارت گھر بیٹھے، ورچوئل ٹور کا منفرد منصوبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شاہ فہد قرآن کمپلیکس نے ایک اہم اور منفرد منصوبہ مکمل کر رکھا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور اسلامی ورثے کی حفاظت کے درمیان ایک مثالی تعلق قائم کرتا ہے۔ یہ منصوبہ مسجد نبوی ﷺ کی تاریخی اور روحانی اہمیت کو محفوظ کرنے کے لیے ایک جدید ورچوئل ٹور کی صورت میں پیش کیا گیا، جسے کمپلیکس کی ایک خصوصی ورچوئل رئیلٹی ٹیم نے علی عبداللہ برناوی کی سرابراہی میں 2 سال کی مسلسل محنت اور تحقیق کے بعد پایہ تکمیل تک پہنچایا۔
یہ ورچوئل ٹور مسجد نبوی ﷺ کے ہر اہم مقام کو نہایت ہی اعلیٰ معیار کی تھری ڈی تصاویر اور گرافکس کے ذریعے پیش کرتا ہے، تاکہ زائرین اور ناظرین کو ایسا محسوس ہو جیسے وہ خود مسجد نبوی ﷺ کے اندر موجود ہوں۔
اس منصوبے کے تحت مسجد کے مختلف دروازوں، روضہ شریف، قدیم مخطوطات اور دیگر اہم مقامات کو بہترین انداز میں دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ یہ ورچوئل ٹور ان زائرین کے لیے ایک خاص تحفہ ہے جو کسی وجہ سے حرمین شریفین کی زیارت نہیں کر سکتے، خاص طور پر وہ لوگ جو برصغیر، جیسے پاکستان، بھارت، اور بنگلہ دیش، سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں سے لاکھوں مسلمان ہر سال حرمین شریفین کی زیارت کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر پہنچ نہیں پاتے۔
اس منصوبے کی ایک اور اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں مسجد نبوی ﷺ کے وہ مقامات بھی شامل ہیں جو عموماً زائرین کی نظر سے پوشیدہ رہتے ہیں، یا جن تک عام طور پر رسائی نہیں ہوتی۔ مثال کے طور پر باب السلام کے مختلف راستے، روضہ شریف کے سامنے کے مقامات، باب جبریل اور باب ابوبکر صدیق جیسے اہم دروازوں کے اندرونی مناظر، گنبد خضرا اور مسجد کی چھت، مقصورہ شریف کے مختلف مناظر، اور قدیم مخطوطات کی گیلری۔ اس کے علاوہ مسجد کے مینارے اور دیگر اہم تعمیراتی خصوصیات کو بھی تھری ڈی فارمیٹ میں شامل کیا گیا ہے، جنہیں عام طور پر صرف باہر سے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ورچوئل ٹور نہ صرف اسلامی تاریخ اور ورثے کی دستاویزی شکل میں ایک نئی جدت پیش کرتا ہے بلکہ یہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس مقدس مقام تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ یہ منصوبہ اسلامی دنیا کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے، جو مذہبی، ثقافتی اور تاریخی حوالے سے ایک سنگ میل ثابت ہو گا کہ اس منصوبہ کے ذریعہ قریباً مسجد نبوی کی 30 سالہ تاریخ محفوظ ہو گئی ہے جس سے آنے والے لوگ دیکھ پائیں گے کہ 1400 ہجری سے لیکر 1430 تک قریباً حرم پاک کیسا تھا؟
یہ منصوبہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک ایسی سہولت فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر مسجد نبوی ﷺ کا روحانی سفر کر سکتے ہیں۔
مسجد نبوی ﷺ کی ورچوئل دستاویزات کا یہ منصوبہ نہایت اعلیٰ معیار کی تصاویر پر مشتمل ہے، یہ منصوبہ انگلش اور عربی میں مختصر معلومات بھی فراہم کرتا ہے، اسےاردو زبان کے علاوہ دیگر بڑی زبانوں، جیسے فرانسیسی، ہسپانوی، اور چینی میں بھی دستیاب کیا جانا چاہیے، تاکہ دنیا کے ہر کونے میں موجود مسلمان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس منصوبے کی ویب سائٹ تک رسائی https://vr.qurancomplex.gov.sa/msq اس لنک کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔