وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کنونشن سینٹر، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی تیاریوں پر اظہارِ اطمینان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 سے 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف انتظامات کا جائزہ لینے خود جناح کنونشن سینٹر پہنچے جہاں انہیں وزارت خارجہ کے حکام اور چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سربراہی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ 2 روزہ اجلاس میں 12 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے جن میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان،کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شامل ہیں۔
ایران کے اول نائب صدر جبکہ بھارتی وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ اس کے علاوہ منگولیا کے وزیراعظم اور ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے چیئرمین بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف رکن ممالک کے وفود کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔