ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے چاول کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سہولت کاری سے چاول کی برآمدات میں 4 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پاکستان نے پہلی بار چاول کی برآمدات کے ذریعے 4 بلین ڈالر آمدنی حاصل کی جو کہ قابل ستائش ہے۔

رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین شاہجہان ملک نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں چاول کی برآمدات کا ہدف 5 ارب ڈالر مقرر کیا جائے گا، جدید بیجوں کی تحقیق اور معیاری زرعی طریقوں کے فروغ پر مبنی جامع حکمت عملی تیار ہوگی۔

پاکستان کا باسمتی چاول عالمی منڈی میں اعلیٰ معیار کے باعث پاکستان کی معاشی ترقی اور عالمی شراکت داری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مالی سال 2024ء کے دوران پاکستان نے 6 ملین ٹن سے زائد چاول کی مختلف اقسام برآمد کیں جن کی وجہ موزوں موسمی حالات اور زرعی وسائل کی بھرپور دستیابی ہے۔