کسی ملک کی فوج کو ختم کردیا تو ان ممالک کے حالات ہم نے دیکھے ہیں: مصطفی کمال
کراچی(قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفی ٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملک ہے تو ہماری سیاست ہے، جمہوریت ہے، کسی ملک کی فوج کو ختم کردیا تو ان ممالک کے حالات ہم نے دیکھے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، سیاست سے اختلاف نہیں، احتجاج سیاست کا حصہ ہے لیکن ہماری سیاست اور شکایات ملک کے وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مسئلہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے، حکومت اور ریاستی ادارے معاشی حالات بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کے احتجاج کا اعلان ملک کے مفاد میں نہیں۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لئے پاکستان ہی آخری امید ہے، پی ٹی آئی پر اینٹی سٹیٹ ہونے کا الزام لگتاہے، 15 اکتوبرکواحتجاج کی کال سے اس الزام کوتقویت ملتی ہے، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کی طرح عمل کرنا چاہئے ورنہ وہ اکیلے رہ جائیں گے، ان کے جو لوگ باہر ہیں انہیں سمجھائیں اس طرح کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ نارمل سیاست کریں، پی ٹی آئی ایک مقبول جماعت ہے اس میں دو رائے نہیں، تحریک انصاف سے کہتا ہوں اپنی احتجاج کی کال واپس لیں، ہماری پی ٹی آئی سے کوئی لڑائی نہیں ،ہم دروازہ کسی کے لئے بند نہیں کرتے۔