چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں، وزیر خزانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چین توانائی کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں۔
اسلام آباد میں چائنہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے اور ہم سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت کی جانب سے گامزن ہے اور جلد معاشی استحکام آئے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی نسل در نسل آگے منتقل ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے عوام کا ایک دوسرے سے جذباتی لگاﺅ ہے، چین نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی قربت اور مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سی پیک پاکستان اور چین کی ہی نہیں پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے لگائے گئے، سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سے توانائی کے مسائل ختم ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری میں چین کا اہم کردار ہے، پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری قابل تحسین ہے، دونوں ممالک سی پیک کے اگلے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔