سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونے جا رہا ہے، چینی سفیر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کی ترقی اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
چائنا چیمبر آف کامرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں چینی چیمبر آف کامرس کا قیام دوطرفہ تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کے کاروباری برادریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون کی تنظیم کا سربراہ اجلاس ہونے جارہا ہے اور چینی وزیراعظم اس اہم سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ہمارے گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں، ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چین کے چیمبر آف کامرس کے قیام سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ملکوں کی قیادت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پا رہے ہیں جن کے ثمرات آئندہ آنے والے دنوں میں دکھائی دیں گے ۔
تقریب میں دونوں ممالک کے وزرا، چیمبر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔