تحریک انصاف نے عمران خان سے ملاقات کے لیے درخواست وزارت داخلہ میں جمع کرادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست جمع کرادی۔
اتوار کو بھیجی گئی درخواست میں پاکستان تحریک انصاف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی آخری ملاقات 3 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی جس میں وزارت داخلہ سے ہنگامی بنیادوں پر ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
ادھر پی ٹی آئی رہنماؤں نے زور دے کر کہا ہے کہ وہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کی کال تبھی مؤخر کرنے کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ انہیں اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اگر حکومت انہیں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے تو پارٹی احتجاج کی کال واپس لینے کے لیے تیار ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ اگر احتجاج کے دوران کوئی جانی یا مالی نقصان ہوتا ہے تو وہ ذمہ دار ہوگی۔ ڈی چوک میں احتجاج کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں، پی ٹی آئی کے بعض رہنما 15 اکتوبر کے احتجاج کی مخالفت کر رہے ہیں اور پارٹی کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران احتجاج کو مؤخر کر دے۔