15 اکتوبر کو ہرحال میں احتجاج ہوگا، جو شامل نہیں ہوگا، عہدیدار نہیں رہے گا، حماد اظہر کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ وہ پاکستان عوام کے لیے یہ اہم اعلان کر رہے ہیں کہ پی ٹی آئی 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کر رہی ہے، یہ احتجاج عمران خان تک رسائی کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھرپور احتجاج کرے گی، یہ احتجاج اس لیے کیا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر قیدی کا یہ حق ہے کہ اس کو اپنے وکلا یا ڈاکٹرز تک رسائی حاصل ہو، عمران خان پاکستان کا واحد سیاسی مستقبل ہیں، وہ سب سے بڑی سیاسی قوت اور حقیقت ہیں چاہے وہ کسی کو پسند آئیں یا نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تک ایک سازش کے تحت رسائی کو معطل کیا گیا ہے، ہم چاند تارے توڑ کر لانے کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں، ہمارا مطالبہ آئین، قانون اور قیدیوں کے حقوق کے عین مطابق ہے۔ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اس دن شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہے اور ہم کوئی ریاست مخالف قوت ہیں۔
حماد اظہر نے سوال کیا کہ کون کہہ رہا ہے کہ ہم ریاست مخالف ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، کیا پرامن احتجاج کرنا ریاست مخالف بیانیہ ہے؟، ہمیں پرامن احتجاج کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا ہے؟ ہمیں وہ لوگ اینٹی اسٹیٹ کہہ رہے ہیں جنہوں نے الیکشن چورایا اور آئین کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے، جنہوں نے ججز کو ہراساں کیا، فارم 47 کی حکومت کو مسلط کیا، ایسا بالکل نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ اس احتجاج کو کون لیڈ کرے گا؟ سب سے زیادہ خطرہ تو مجھے ہے کہ اگر مجھے گرفتار کر لیا گیا تو مجھے قتل کر دیا جائے گا، یا بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا، ہر کوئی احتجاج کرے گا، میری جان عمران خان سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، اگر مجھے جان کا نذرانہ پیش کرنا پڑا تو میں اس مرد قلندر کے لیے، پاکستان کے لیے اور انصاف کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہوں۔
ہمارا مطالبہ کوئی نا جائز نہیں، سنجانی جلسہ رکوانے کے لیے صبح 7 بجے جیل کھل جاتی ہے تو پھر آج عمران خان سے ملنے کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی؟ ہمیں خدشہ ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی آڑ میں عمران خان کے خلاف کوئی کارروائی کی جا رہی ہے،ہمارے شکوک و شہبات بڑھ رہے ہیں۔
میں خود اس احتجاج کو لیڈ کروں گا، میرے ساتھ عوام کا سمندر ہو گا،پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈر احتجاج میں پہنچے، اگر کوئی بھی عہدیدار اس احتجاج میں شامل نہیں ہو گا تو وہ اگلے روز پارٹی کا عہدیدار رہے گا نہ ہی کوئی ممبر رہے گا، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔