پی ٹی آئی عمران خان سے سیاسی ملاقات کیلئے سہولت کاری چاہتی ہے اس لئے بلیک میل کررہی ہے: خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان سے سیاسی ملاقات کیلئے سہولت کاری چاہتی ہے اس لئے بلیک میل کررہی ہے ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس (ٹوئٹر ) پر جاری بیان میں لکھا کہ جب سابق وزیراعظم نوازشریف قید تھے توانہیں اپنی بیوی( کلثوم نواز) سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہ دی گئی اور وہ اسی حال میں دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف کی ٹوئٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) بلیک میل کر رہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی ملاقات کیلئے سہولت کاری چاہیے ورنہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کانفرنس کو سبو تاژ کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید لکھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اولاد کو لندن سے بلایا جا رہا ہو تو پھر بات بنتی ہے۔
خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں چین، روس اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔
پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادو، 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے تاہم حکمران جماعت ن لیگ نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کردیا۔
اُدھر شنگھائی کانفرنس کے موقع پر ڈی چوک میں احتجاج پر تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ گئی ہیں۔