15 اکتوبر کا احتجاج منسوخ کرانے کی کوشش، حکومت آج عمران سے ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کا کل (15اکتوبر) کا ڈی چوک پر احتجاج منسوخ کرانے کی کوشش میں حکومت آج پیر کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے۔
بعض بیک چینل رابطوں کے بعد حکومت بیرسٹر گوہر علی خان اور حامد رضا کو 15؍ اکتوبر کو ڈی چوک پر تحریک انصاف کا احتجاج واپس لینے کے لیے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دیدی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے وزارت داخلہ کو لکھی درخواست میں کہا کہ آخری بار ہمارے وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ میں ملاقات 3 اکتوبر کو ہوئی تھی۔
درخواست کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے اور میری اور صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات کرائی جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دیں تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔