’آپ گانے سے کب توبہ کریں گے‘، چاہت فتح علی خان کے نئے گانے ’توبہ توبہ‘ پر دلچسپ تبصرے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر اپنے بےسُرے گانوں کی وجہ سے شہرت پانے والے کاشف رانا المعروف چاہت فتح علی خان نے اپنے وائرل گانے ’بدوبدی‘ کے بعد بھارتی گلوکار کرن اوجلا کا مشہور گانا ’توبہ توبہ‘ کا ورژن ریلیز کر دیا۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر چاہت فتح علی خان کے آفیشل چینل سے جاری کردہ یہ گانا بہت ہی مزاحیہ ہے جس میں گلوکار نے’آجا اتھے ملیے جتھے کوئی نہ ہوئے ‘ کو دہرایا ہے اور ’آ سانوں کراچی مل، لاہور مل اور پشاور مل‘ کہتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں کا نام بھی شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ گانے میں ’ناک تیرا، کان تیرا اور آنکھ تیری توبہ توبہ‘ بھی شامل ہے۔
چاہت فتح علی خان کے ’توبہ توبہ‘ کے ورژن پر مداحوں کی جانب سے مزاحیہ ردعمل سامنے آرہا ہے۔
بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ وکی کوشل اور کرن اوجلا توبہ توبہ کا ان کا ورژن سن کر رو رہے ہیں تو کچھ لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ اگر آپ نے ایسے گانے گانا بند کر دیے تو وہ چاہت فتح علی خان کا یو ٹیوب چینل ان سبسکرائب کر دیں گے جبکہ ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ آپ اپنا کوئی ادارہ بنائیں جس میں گائیکی سکھا سکیں، ہم اس میں داخلہ لینا چاہتے ہیں۔
ضرار راجپوت نے لکھا کہ ’میرے دادا جی کو فالج ہو گیا تھا۔ ان کے ہاتھ پیر بے جان تھے لیکن آپ کا گانا سن کر وہ اٹھے، ٹی وی توڑا اور فوت ہو گئے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے چاہت فتح علی خان کے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’توبہ توبہ سارا موڈ خراب کر دیا‘۔ جبکہ ایک صارف نے انہیں مذاق کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ گانا اصل گانے سے زیادہ اچھا ہے۔
ایک صارف نے چاہت فتح علی خان سے سوال کیا کہ آپ گانے سے کب توبہ کریں گے؟
یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان نے پنجابی گانے ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کو اپنے منفرد انداز میں گانے کے بعد شہرت حاصل کی تھی، اس گانے کو پہلی بار ملکہ ترنم نورجہاں نے 1973 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’بنارسی ٹھگ‘ کے لیے گایا تھا۔
’اکھ لڑی بدوبدی‘ کا شمار ماضی کے مقبول ترین گانوں میں ہوتا ہے ، جسے چاہت فتح خان سے پہلے بھی کئی فنکار اپنی آواز میں گا چکے ہیں۔ مگر کوئی خاص شہرت نہیں ملی۔