خواجہ آصف بیرسٹر گوہر سے خوش، مگر کیوں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع و سینیئر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے عمران خان کی صحت سے متعلق بیان پر کہا ہے کہ ہمیں پوری امید ہے آپ کی پریشانی دور ہوگئی ہوگی، اللہ آپ کو بھی خوش رکھے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر کی عمران خان کی صحت سے متعلق پوسٹ پر ردعمل کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹروں کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ ہو گیا ہے اور وہ صحت مند ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے منگل کو ایک گھنٹا ورزش بھی کی۔
بیرسٹر گوہر نے اس بات کی تصدیق کی کہ منگل کو سرکاری ڈاکٹرز طبی ماہرین اورایک ای این ٹی اسپیشلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ منگل کی شام 4 بجے 2 ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی خیریت سے ہیں اور وہ صحت مند ہیں اور انہوں نے ایک گھنٹا ورزش بھی کی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے تصدیق کی کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحت مند ہیں، ہمیں جلد ہی ان کے طبی معائنے کی روپورٹس مل جائیں گی جوکارکنوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت کے بارے میں یقین دہانی کے بعد اسلام آباد میں مجوزہ احتجاج ختم کردیا تھا اور کہا تھا کہ طبی ماہر آج ان کا معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے۔