لگتا ہے اڈیالہ جیل میں مارشل لا لگا ہوا ہے، عمران خان کی بہن نورین نیازی بھی سامنے آگئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، لگتا ہے کہ اڈیالہ جیل میں مارشل لا لگا ہوا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتی تھی لیکن اجازت نہیں دی گئی۔ 2 اکتوبر کو عمران خان سے ملاقات ہوئی تو تب ان کی طبیعت ٹھیک تھی۔
نورین نیازی نے کہاکہ ہماری دونوں بہنیں بھی جیل میں ہیں لیکن ان کی بھی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی، جبکہ حکومت کی طرف سے ہمارے ساتھ کوئی رابطہ بھی نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو سابق وزیراعظم کی حیثیت سے جیل میں سہولیات ملنی چاہییں، لیکن ایسا نہیں ہورہا، اور زور زبردستی کی جارہی ہے۔
نورین نیازی نے کہاکہ عمران خان اپنی ہمت اور حوصلے کی وجہ سے جیل میں قید کاٹ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں نے عمران خان کا معائنہ کیا ہے جس کے بعد ہمیں بتایا گیا ہے کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔
اس کے علاوہ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل بھی آج اڈیالہ جیل میں گئے لیکن انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی گئی، جس کے بعد وہ واپس آگئے تھے۔