طالبہ کے ساتھ زیادتی کی خبر پھیلانے والوں کو ثبوت دینا ہوں گے، عظمیٰ بخاری نے واضح کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے جن افراد نے طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی خبر پھیلا کر امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی، انہیں اب ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پروپیگنڈا سیل نے جان بوجھ کر فرضی خبر کو پھیلایا، لیکن امید ہے کہ اب بھاگیں گے نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے لکھا کہ پنجاب میں کسی کو بھی فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پنجاب میں طلبا و طالبات نے نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کو بنیاد بنا کر احتجاج کیا تھا۔
طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے ایک نجی کالج میں مبینہ زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 7 رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کردی ہے۔
وزیراعلیٰ آفس کے جاری بیان کے مطابق، تحقیقاتی کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ مرتب کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف سیکریٹری پنجاب کو اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ، ہائر ایجوکیشن، ہیلتھ، اسپیشل ایجوکیشن کے سیکریٹریز اور دیگر اسپیشل کیمٹی کے ارکان ہوں گے۔
بیان کے مطابق، تحقیقاتی کمیٹی زیادتی کیس کے شواہد اور فریقین کے بیانات قلم بند کرے گی، اسپیشل کیمٹی واقعہ کے بارے میں پولیس کارروائی اور کالج انتظامیہ کے ریسپانس کا بھی جائزہ لے گی۔ گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ایک طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا کیس اس وقت سامنے آیا جب انٹرمیڈیٹ کی ایک ٹیچر نے کلاس روم میں مذکورہ طالبہ کے کلاس فیلوز سے اس کی غیر حاضری کی وجہ جاننا چاہی۔ جس کے بعد بعض کلاس فیلوز نے لڑکی سے رابطہ کیا تو اس کا نمبر بند تھا تاہم والدین سے رابطہ کیا گیا تو پتا چلا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کالج کے گارڈ نے جنسی زیادتی کی ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔
بعد ازاں، گارڈ بھی غائب پایا جا رہا تھا تاہم 13 اکتوبر کو ڈی آئی جی آپریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملزم کو 10 گھنٹوں میں ڈھونڈ نکالا گیا تھا۔