ووٹنگ شو آف ہینڈ ہوگی، آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہیں، طارق فضل چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس نمبر گیم پوری ہے، آسان سی بات ہے کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہوں گے تو ترمیم ہوجائے گی، ترمیم پر ووٹنگ شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگی، دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہوجائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسودہ آئے گا تو انہیں ضرور پیش کریں گے، نمبرز گیم کے بغیر یہ ترمیم ہو ہی نہیں سکتی، ترامیم کا مسودہ سامنے آئے گا تو سب حمایت کریں گے۔
’تحریک انصاف والے عمران خان کی صحت سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ شعیب شاہین سے انفرادی طور پر پوچھیں تو کہیں گے کہ عدالتی اصلاحات ہونی چاہییں، ہمارا مسودہ یا تمہارا مسودہ معنی نہیں رکھتا، اتحادی حکومت میں مشترکہ مسودہ ہوتا ہے۔ مشترکہ مسودہ سامنے آجائے گا، اپوزیشن کو کہیں گے کہ آئیں بیٹھیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عدالتوں میں پچاس فیصد آئینی مقدمات سنے جاتے ہیں، عوام کا آئینی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ وکلا بھی چاہتے ہیں نظام انصاف میں اپنا حصہ ڈالیں، آپ کے لوگوں نے جو مسودہ لیک کیا جو جعلی تھا۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مشترکہ مسودے کے قریب ہیں، جتنے اعتراضات انہیں اس الیکشن پر ہیں، اتنے ہی 2018 کے الیکشنز پرتھے۔
’سیکیورٹی اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا معاملہ ہے، شنگھائی کانفرنس چل رہی ہے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کرسکتے‘۔
انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے پہنچنے والی تکلیف پر لوگوں سے معذرت چاہتے ہیں، ایس سی او پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔