ایس سی او اجلاس: خطے کی ترقی اور معاشی بحالی کے لیے رکن ممالک کو مل کر چلنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک مل کر خطے کے عوام کا مستقبل مستحکم اور معیشت کو بہتر بناسکتے ہیں۔
اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ایس سی او کے 23ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ایس سی او کا انعقاد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، ایس سی او رکن ممالک دنیا کی کل آبادی کا 40 فیصد ہیں، ایس سی او میں شامل تمام ممالک کے مابین تعاون کو بڑھانا ہے اور مل کر اپنے لوگوں کو بہتر معیار زندگی اور سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ ضروری ہے، آج کا اجلاس علاقائی تعاون بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے، معاشی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے، ہم عالمی منظرنامے میں تبدیلی کا سامنا کررہے ہیں۔
افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس سی او ممالک اپنے عوام کا مستقبل مستحکم اور محفوظ بناسکتے ہیں، موجودہ صورتحال اجتماعی اقدامات کی متقاضی ہے، علاقائی ترقی کے لیے تمام ممالک کو ایک ساتھ چلنا ہوگا، اجتماعی دانش کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔
افغانستان کی صورتحال سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مستحکم افغانستان خطے کے لیے ضروری ہے، افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کنونشن سینٹر آمد پر غیرملکی مہمانوں کا استقبال کیا
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس میں شرکت کے لیے کنونشن سینٹر آنے والے رکن ممالک کے سربراہان اور وزرا کے علاوہ دیگر غیرملکی مندوبین اور مہمانوں کا پرتپاک استبال کیا۔
اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے۔ یہ رکن ممالک کے سربراہان مملکت کا 23واں اجلاس ہے جس میں رکن ممالک کے درمیان سلامتی، معیشت اور ثقافت جیسے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ شہباز شریف کے بعد غیر ملکی وفود کے سربراہان اجلاس سے خطاب کریں گے جس کے بعد دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی قیادت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کنونشن سینٹر اسلام آباد پہنچ چکی ہے، ایس سی او کے سیکریٹری جنرل، چین کے وزیراعظم لی چیانگ، روسی وزیراعظم میخائل مشوستن، بیلاروس کے وزیراعظم رومان گلوف چینکو، کرغزستان کے وزیراعظم اکیل بیک، ترکمانستان کے وزرا کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین راشد میریدوف، بھارتی وزیرخارجہ سبرا منیم جے شنکر کے علاوہ منگولیا، اور ترکمانستان کے وزرائے اعظم کنونشن سینٹر پہنچے تو وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مہمانوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ
گزشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں آئے تمام ممبر ممالک کے سربراہان اور مندوبین کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ممبر ممالک کے سربراہان اورمندوبین کا خود استقبال کیا، تمام ممبرممالک کے مندوبین نے وزیراعظم سے باری باری مصافحہ کیا۔ تقریب میں سب سے پہلے چین کے وزیراعظم لی چیانگ پہنچے تھے۔
عشائیے میں چین، روس، تاجکستان، کرغزستان، قازقستان، بیلا روس اور ترکمانستان کے قائدین سمیت مہمانوں نے شرکت کی۔ اس دوران بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت پر ان کا خیرمقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمانوں نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارک باد دی۔
یاد رہے کہ 26 اکتوبر 2023 کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے اجلاس میں 24-2023 کے لیے سربراہان حکومت کی کونسل کے چیئر کے طور پر پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ حکومتی سربراہان کی کونسل، شنگھائی تعاون تنظیم کے اندر دوسرا اعلیٰ ترین فورم ہے جس کا بنیادی مقصد سماجی، اقتصادی، تجارت اور مالیاتی شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔اجلاس کے اہم شرکا میں چین، روس، کرغزستان، بیلاروس، تاجکستان، بھارت، ایران، ترکمانستان، قازقستان، منگولیا اور دیگر رہنما شامل ہیں۔
منگولیا ایک مبصر ریاست کے طور پر سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے جس کی نمائندگی وزیر اعظم اویون اردین لویسنا مسرای جبکہ ترکمانستان کی خصوصی نمائندگی ترکمن وزرا کی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد میریدوف کررہے ہیں۔