خواجہ آصف کے بعد خواجہ سعد رفیق بھی بیرسٹر گوہر سے خوش، ٹوئیٹ میں کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کے بعد لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کی عمران خان کی صحت سےمتعلق ٹوئیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے ’اعتدال پسند‘ رویہ کی تعریف اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا ہے کہ مسلک کے اندھے پیروکار اس اعتدال پسند شخص (بیرسٹر گوہر) کی بات نہیں سنیں گے، جو انتہائی مشکل حالات میں اپنی پارٹی کی قیادت کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ ہماری سیاست بالخصوص پی ٹی آئی میں بیرسٹر گوہر جیسے متوازن لوگوں کی فی الحال کوئی گنجائش نہیں ہے، سچ بتانے کے لیے شکریہ، بیرسٹر صاحب۔‘
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال سابق وزیر اعظم عمران خان کے طبی معائنہ پر واپس لے لی گئی تھی، اور گزشتہ روز بیرسٹر گوہر خان کی جانب سے ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں عمران خان کی صحت سے متعلق اپڈیٹ دی گئی تھی۔
بیرسٹر گوہر کی ٹوئیٹ کے مطابق گزشتہ روز 4 بجے دوپہر 2 ڈاکٹروں مشتمل طبی عملہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا معائنہ کیا۔ ’ہمیں کچھ دیر پہلے اطلاع ملی تھی کہ الحمدللہ خان صاحب خیریت سے ہیں اور آج ایک گھنٹہ ورزش کر چکے ہیں، ہم جلد ہی ان سے میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں آپ کے ساتھ شیئر کروں گا، انشاء اللہ۔‘
بیرسٹر گوہر خان نے اپنی پوسٹ میں پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور حمایتی کا شکریہ بھی ادا کیا جو خان ​​صاحب کی صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔ ’خدا آپ سب کو خوش رکھے۔‘
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر کی عمران خان کی صحت سے متعلق پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمیں پوری امید ہے آپ کی پریشانی دور ہوگئی ہوگی، اللہ آپ کو بھی خوش رکھے۔