عمران ہاشمی سے اختلافات ’’جوانی کی نادانی‘‘ تھی، ملیکہ شراوت
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ میں رومانوی اور بولڈ کردار کرنے والی فلمی جوڑی ملیکہ شراوت اور عمران ہاشمی کے درمیان اختلافات بالآخر بیس سال بعد ختم ہوگئے۔
ملیکہ شراوت اور عمران ہاشمی نے 2004 کی ہٹ فلم ’’مرڈر‘‘ میں ساتھ کام کیا تھا جس کے رومانوی گانوں اور بولڈ مناظر نے فلمی شائقین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا تھا۔
تاہم فلم کی ریلیز کے کچھ عرصے بعد ہی اس فلمی جوڑی میں اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے دونوں اداکاروں کی جوڑی پسندیدگی کے باوجود فلمی شائقین کو کسی اور فلم میں ساتھ نظر نہیں آئی۔
حال ہی میں پروڈیوسر آنند پنڈت کی بیٹی کی شادی کے موقع پر دونوں اداکاروں نے اپنے اختلافات ختم کردیے تھے اور ریڈ کارپٹ پر ایک ساتھ پوز دیتے ہوئے بات چیت کرتے بھی نظر آئے۔
ایک انٹرویو میں ملیکہ شراوت نے بتایا کہ عمران ہاشمی سے اختلافات ختم ہوگئے، لوگ کان بھی بہت بھرتے ہیں۔
ملیکہ شراوت کا کہنا تھا کہ اس زمانے میں ہم دونوں نوجوان تھے، سمجھ بوجھ کی کمی تھی، پھر انا بھی آڑے آجاتی تھی۔ ملیکہ نے اعتراف کیا کہ لوگوں نے بھی مجھے غلط مشورے دیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمران ہاشمی اچھے اور شاندار انسان ہیں، مرڈر میں ان کے ساتھ کام کرنے کی یادیں آج بھی ذہن پر نقش ہیں۔
اسی انٹرویو میں ملیکہ شیراوت نے مرڈر میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ فلم میں اپنے بولڈ مناظر کےلیے انہیں شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔