مبینہ زیادتی کا معاملہ، پی ٹی آئی نے اپنے منصوبوں کے لیے بچوں کو استعمال کیا، مریم نواز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ایسے واقعے کو ایشو بناکر انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی جو ہوا ہی نہیں، ایک من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا۔ اس واقعے میں ملوث تمام لوگوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، اس واقعے کی تمام منصوبہ بندی خیبرپختونخوا میں ہوئی، ان کے وزیر اعلیٰ بھی اس میں ملوث ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج تمام حقائق عوام کے سامنے رکھوں گی، ایشو بنا کر جھوٹ کی داستان بنائی گئی۔ ہم نے واقعے کی گہرائی جاننے کی کوشش کی، ایک بچی کا نام لیا گیا اس کی تلاش میں ہیں، لیکن ایسی کہانیاں گھڑی گئیں جن کا سرے سے کوئی وجود ہی نہیں تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ طلبا کو گمراہ کیا گیا، عوام کی جان و مال کا تحفظ میری ذمہ داری ہے۔ ایک ایسی پارٹی نے یہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی جس کو میں پہلے ہی دہشتگرد جماعت کہتی ہوں، یہ کہانی بھی انہوں نے ہی گھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اپنے جلسے جلوس فلاپ ہوئے تو یہ گمراہ کن پراپیگینڈا کیا گیا، پی ٹی آئی نے اپنے پیڈ صحافیوں اور ٹاؤٹس کے ذریعے سارا گند پھیلایا۔ جس بچی کا کہا جارہا ہے کہ زیادتی ہوئی ہے، وہ 2اکتوبر سے اسپتال میں ہے، گرنے کی وجہ سے اس کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس سیکیورٹی گارڈ پر الزام لگایا گیا اسے سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔ تحریک انصاف نے اپنے منصوبوں کے لیے بچوں کو استعمال کیا، سازش کے پیچھے کون ہے سب کچھ جانتی ہوں۔ پی ٹی آئی نے اس واقعے کو انتشار کے لیے استعمال کیا ہے، طلبہ کو بھڑکانے والوں کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 10اکتوبر کو واقعہ رپورٹ ہوا اس دن بچی کالج میں موجود ہی نہیں تھی، ایسے واقعے کو بنیاد بنایا گیا جو سرے سے ہوا ہی نہیں، ایف آئی اے کریک ڈاؤن کرکے متعلقہ ملزمان کو گرفتار کرے، اس واقعے میں مدعی پنجاب حکومت کو ہی بننا چاہیے۔
’جو جو اس واقعے میں ملوث ہے اس کو چھوڑوں گی نہیں، پوری نیٹ ورکنگ پکڑ لی ہے پاکستان کے باہر بھی لوگ شامل ہیں‘۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی کو اپنے صوبے کے لوگوں کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دوں گی، کسی کو بھی بچی کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں دوں گی۔ پی ٹی آئی کو اپنا چہرہ آئینے میں دیکھ لینا چاہیے۔