مجوزہ آئینی ترمیم: خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، پی ٹی آئی کی عدم شرکت، مسودہ بھی پیش نہ کیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مجوزہ آئینی ترمیم سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کی پانچویں اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنا مسودہ پیش کردیا۔
چیئرمین کمیٹی سیّد خورشید شاہ کی زیرصدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اتحادی جماعتوں کے اراکین سمیت دیگر نے شرکت کی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے ارکان شریک نہیں ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی اے پی کی جانب سے تین تجاویز کمیٹی کے سامنے رکھی گئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، جبکہ ججوں کی تعیناتی کے لیے 3 کے بجائے 5 کا پینل ہونا چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کل ساڑھے 12 بجے چیئرمین کمیٹی سیّد خورشید شاہ کی زیرصدارت پھر اجلاس ہوگا۔
تجاویز پر مشاورت جلد مکمل کرلی جائے گی، شیری رحمان
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رہنما و خصوصی کمیٹی کی رکن شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئینی ترمیم حوالے سے مسودوں میں جو تجاویز سامنے آئی ہیں ان پر مشاورت جلد مکمل کرلی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ارکان نے آج بھی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہیں کی نہ ہی ان کا مسودہ آیا ہے، تاہم کل ایک بار پھر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔
کل کے اجلاس میں مسودے کی حتمی تیاری پر کام شروع ہو جائےگا، عرفان صدیقی
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کل کے اجلاس میں مسودے کی حتمی تیاری پر کام شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ آج نواز شریف کے ساتھ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات بھی ہے جس میں حتمی چیزیں سامنے آئیں گی۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم کا مسودہ کابینہ سے منظوری کے بعد پہلے سینیٹ میں پیش ہوگا جبکہ وہاں سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائےگا۔