میری رہائشگاہ پر چھاپہ اور پارٹی سینیٹر کو اغوا کرلیا گیا، اختر مینگل کا الزام


بلوچستان (قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد سے ان کی پارٹی کے سینیٹر کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میری پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجو اسلام آباد میں ڈائیلاسز کرانے گئے تھے جہاں سے انہیں بیٹے سمیت اغوا کرلیا گیا۔
اختر مینگل نے لکھا کہ اس کے علاوہ میری پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اپنے اپارٹمنٹ تک محدود ہیں، اور ان کے بیٹے کو بھی اغوا کرلیا گیا ہے۔
بی این پی سربراہ نے لکھا کہ اسلام آباد میں میرے اپارٹمنٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا، ’کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے‘۔
واضح رہے کہ حکومت نے عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم لانے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بھی طلب کرلیےگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کا الزام ہے کہ ان کے ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ دینے کی صورت میں بھاری آفرز کی جارہی ہیں، لیکن ہر صورت آئینی ترمیم کا راستہ روکنے کی کوشش کی جائے گی۔
پی ٹی آئی نے مجوزہ آئینی ترمیم اور عمران خان کے خلاف روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف 18 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کردیا ہے۔