اسلام آباد: ریڈ، گرین، بلیو اور اورنج لائنز بحال نہ ہوسکیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے سبب جڑواں شہروں میں ریڈ، اورنج، بلیو، گرین لائن سمیت دیگر تمام بس سروسز آج 17 اکتوبر کو بھی بند ہیں، یاد رہے کہ یہ بس سروسز 14، 15 اور 16 اکتوبر کو مکمل طور پر بند کر دی گئی تھیں کیونکہ اجلاس میں غیر ملکی وفود سمیت مختلف ممالک کے سربراہان مملکت نے شرکت کرنا تھی۔
تاہم سربراہی اجلاس ختم ہونے کے باوجود 17 اکتوبر کو بھی تمام بس سروسز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ متعلقہ اتھارٹی نوٹیفیکیشن کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بناپر 17 اکتوبر کو بھی میٹرو سروسز کو بند کیا جا رہا ہےکیونکہ اب بھی بعض غیر ملکی وفود اسلام آباد میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ 14 اکتوبر سے شروع ہو چکا تھا جس کی وجہ سے 14 اکتوبر ہی کو شہر بھر میں ٹریفک کے کنٹرول کی آمدورفت کو کم کرنے کے لیے ان بس سروسز کو بند کیا گیا۔
اسلام آباد کی تمام شاہراؤں پر ٹریفک بحال
شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کی آمد و رفت کے باعث بند کیے جانے والے ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے سمیت اسلام آباد کی تمام شاہراؤں پر دو طرفہ ٹریفک بحال کردی گئی۔
واضح رہے کہ کل شام اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی تھی کل بروز جمعرات شام تک غیر ملکی مہمانوں کی مکمل روانگی تک سرینگر ہائی وے پرمختلف اوقات میں ٹریفک روکی جائے گی لہٰذا اس دوران سرینگر ہائی وے کی جانب غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ریڈ زون میں متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ سے داخلہ دیا جائے گا لہذا اس جانب غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کیا جائے۔
ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے اسلام آباد پولیس کے ریڈیو ایف ایم 92.4 سنا یا پکار 15 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔