غیرمحصول شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔وزیر خزانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ غیر محصول شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے امریکی سفیر کو اصلاحات پر بریفنگ دی۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دی ہے۔ حکومت ٹیکس سے جی ڈی پی کا تناسب 13۔5 فیصد تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ غیر محصول شدہ شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر کی اصلاحات میں ماہرین کو پی آر اے ایل کے بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی اور غذائی قلت پاکستان کی طویل المدتی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کا خواہاں ہے۔
امریکی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی استحکام کے لئے کی گئی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اعلی معیار کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیکس اور توانائی اصلاحات قابل تعریف ہیں۔