حکومت کے کم از کم 7 ارکان آئینی ترمیم پر حکومت کو ووٹ نہیں دیں گے، بیرسٹر گوہر کا دعویٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا کہ حکومتی بینچز سے کم از کم 7ممبران ترمیم کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے، فی الحال تو 7 لوگ ہیں جن کا علم ہوا ہے لیکن زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کے ووٹ صرف ان کی کتابوں میں پورے ہیں۔ ہم سے تو انہوں نے اپنا مسودہ شیئر بھی نہیں کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے نہ اپنے ممبران سے پوچھا، نہ ڈر کے مارے جواب دیا ہے۔ وثوق سے کہتا ہوں جب یہ بل لائیں گے تو ان کے ووٹ کم ہوں گے، 7حکومتی ایم این اے تو ان کو ووٹ نہیں دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان ممبران سے ہمارا رابطہ نہیں ہے لیکن اتنا معلوم ہے کہ ان ممبران نے کہا ہے کہ نااہل ہو بھی جائیں لیکن ووٹ نہیں دیں گے۔ شاید بلاول بھٹو کو بھی علم ہوکہ ان کے اپنے ممبران ووٹ نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر ہم اس چیز کے حق میں نہیں ہیں کہ پارٹی پالیسی کا انحراف کیا جائے، پارٹی پالیسی کے مطابق ہی ووٹ دینا چاہیے لیکن کچھ لوگ اگر نہیں دینا چاہتے تو اس بارے کچھ کہہ نہیں سکتے ہیں۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے بھی بیرسٹر گوہر کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بندے ووٹ نہیں دیں گے اور وہ 7 سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔