حکومت بلوچستان کا تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضے دینے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے صوبے کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار میں قبائلی عمائدین کے جرگے کا انعقاد کیا گیا، جرگے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان، عمائدین علاقہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام، خواتین اور مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر شرکا نے خضدار کے قبائلی عمائدین، مشران اور خواتین سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی اور علاقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
قبائلی عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی صوبے میں قیام امن کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت اور افواج پاکستان کے تعاون پرمسرت اور اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کیا اور کہا طلبا و طالبات کو اندرون و بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے مزدوروں کو شہید کرنا افسوسناک عمل ہے، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔