کم عمر بچی کی بڑی عمر کے مرد سے زبردستی شادی کی کوشش؛ دلہا گرفتار


لاہور(قدرت روزنامہ) کم عمر بچی کی بڑی عمر کے مرد سے زبردستی شادی کی کوشش ناکام بنا کر دلہا سمیت دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔
پیسوں کی خاطر 12 سالہ بچی کی بڑی عمر کے مرد سے شادی کروانے کی اطلاع پر رائیونڈ پولیس نے بروقت کارروائی کی اور زبردستی شادی کروانے والی والدہ سمیت شادی کا خواہشمند دلہا ، گواہ اور قاری گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس کو 15 پر اطلاع 12 سالہ بچی رانی کے بھائی محمد شریف نے دی، جس میں بتایا گیا کہ میری والدہ پیسوں کے عوض 12 سالہ بہن کی بڑی عمر کے مرد سے زبردستی شادی کروا راہی ہے، جس پر پولیس نے بچی کو دارالامان کے حوالے کرکے ذمے داران کے خلاف کارروائی شروع کردی۔
گرفتار ملزمان میں دلہا محمد امتیاز، دلہا کی والدہ ،گواہان میں گلفام مرتضیٰ اور سجاد احمد اور قاری محمد سرور شامل ہیں۔ بروقت کارروائی کرنے پر ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خاں نے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ خواتین اور بچوں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔