لاہور؛ چور گھر سے 15 کروڑ سے زائد کے زیورات اور 40 لاکھ کیش لے کر فرار


لاہور(قدرت روزنامہ) چوروں نے ایک گھر سے 15 کروڑ سے زائد کے زیورات اور 40 لاکھ روپے لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ساندہ ریواز گارڈن میں واقع گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوئی، جس میں چور گھر سے 15 کروڑ 75 لاکھ کے زیورات اور 40 لاکھ نقد لے کر فرار ہو گئے۔ واردات کے وقت تمام اہل خانہ گھر سے باہر تھے۔
مدعی مقدمہ نادیہ عمران کے مطابق چور کچن کے بیرونی دروازے کی جالی کاٹ کر گھر میں داخل ہوئے اور 575 تولہ طلائی زیورات، 150 تولہ چاندی اور 40 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ میرا اور میری تمام بہنوں کا زیور والدین کے گھر پڑا تھا جب کہ والدین مجھ سے ملنے کے لیے بحریہ ٹاؤن آئے تھے۔
والدین کی گھر میں غیر موجودگی کے دوران چور داخل ہوئے اور گھر کا صفایا کرکے فرار ہو گئے۔