بلوچستان کو 24 گھنٹے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی قرارداد منظور


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی نے صوبے کو 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس کے دوران رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے وفاق سے صوبہ بلوچستان کو آفت زدہ قرار دے کر بجلی کے واجبات معاف کرنے سے متعلق قراردار پیش کی۔
قراردار کا متن تھا کہ بلوچستان سے اتنی بجلی پیدا ہوتی کہ 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کی جانی چاہیے۔ اوچ پاور پلانٹ سے 930، حبکو پاور پلانٹ سے 500 اور حبیب اللہ ہوسٹل سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے۔
قراردار میں حکومت سے سفارش کی گئی کہ وفاقی حکومت سے رجوع کر کے بلوچستان کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور بلوچستان کے عوام کے ذمے سابقہ بقایا جات ہیں وہ بھی معاف کیے جائیں اور صوبے کے تینوں پاور پلانٹس سے عوام کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ بجلی کے بلز سے ناجائز ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔
بلوچستان اسمبلی نے صوبے کو 24 گھنٹے بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی قراردادمتفقہ طور پر منظور کرلی۔ اسمبلی اجلاس کی صدارت کرنے والے پینل چیئرمین خیر جان بلوچ نے رولنگ دی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کمیٹی بناکر وزیراعظم کے ساتھ گیس اور بجلی کے مسئلے پر بات کریں۔ بعد ازاں اجلاس 21 اکتوبرسہ پہر 3بجے تک ملتوی کر دیا۔