آئینی ترمیم کے لیے ہمارے ممبران کو لاپتا کیا گیا، رہنما جے یو آئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے ہماری پارٹی کے ممبران کو لاپتا کیا گیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا عطا الرحمان نے کہا گھمبیر صورتحال ہے کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر جہاں دوسری سیاسی جماعتوں کے ممبران کو غائب کیا گیا ہے وہی ہمارے ممبران کو بھی لاپتا کیا گیا ہے۔
مولانا عظاالرحمان نے کہا کہ ایک ترمیم کے لیے کون کون سے حربے استعمال ہورہے ہیں، ہمارے سینیٹر شکور خان سے کل سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ایسی صورتحال میں کیا یہ توقع کی جائے گی کہ ہم ساتھ دیں گے، کیا ہم آئینی ترمیم کے لیے جان جوکھوں میں ڈالیں گے۔
جے یو آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے عمران خان سے مشاورت کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کہتی ہے عمران خان سے مسودے پر مشاورت کے بعد وہ ہمیں جواب دے گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہمیں اس آئینی ترمیم کے لیے سودے بازی کرنا ہوگی، ہماری ذمہ داری ہے کہ ملک کو بچانا ہے تو اپوزیشن کو ساتھ ملا کرچلیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل اور پی ٹی آئی نے بھی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ان کے ارکان پارلیمنٹ کو اغوا کیا گیا ہے۔