ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ شارجہ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، سوزی بیٹس 26 اور جارجیا پلیمر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور رنز بھی بنتے رہے۔ مقررہ 20 اوورز میں اسکور 9 وکٹ کے نقصان پر 128 رنز رہا۔ اسابیلا 20 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہیں۔ ویسٹ انڈیز دیندرا ڈوٹن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈہز کی دو وکٹیں 20 رن پر گر گئیں اور 63 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، ایسے میں دیندرا ڈوٹن نے 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی امید بڑھائی پھر ایفی فلیچر نے 17 اور زائدہ جیمز نے 14 رنز بنا کر میچ دلچسپ بنایا۔
لیکن ٹیم 8 وکٹ پر 120 رنز تک ہی پہنچ سکی اور یوں نیوزی لینڈ نے 8 رنز کی فتح کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل اتوار کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلاجائے گا۔