سندھ

کراچی: فلیٹ سے 4 خواتین کی تشدد زدہ اور گلا کٹی لاشیں برآمد


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 4 خواتین کی تشدد زدہ اور گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق، واقعہ رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا، چاروں خواتین کی لاشیں الگ الگ کمروں سے ملیں، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں خواتین کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، قتل کی گئی خواتین میں ماں، بیٹی، نواسی اور بہو شامل ہیں، خواتین میں 51 سالہ شہناز، 19 سالہ عائشہ، 18 سالہ مدیحہ اور 13 سالہ علینہ شامل ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق، لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، قتل کی واردات کے وقت چاروں خواتین گھر میں موجود تھیں، چاروں لاشیں الگ الگ کمروں سے ملی ہیں، قاتل آلہ قتل سمیت فرار ہوا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
گھر کے سربراہ محمد فاروق کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت وہ اور ان کے دونوں بیٹے گھر پر موجود نہیں تھے، گھر کی خواتین کو کس نے قتل کیا ہے اس بارے میں انہیں کسی پر شک نہیں ہے۔
پولیس نے قتل کی گئی خواتین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات کے لیے گھر کے سربراہ اور بیٹوں سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں