پی ٹی آئی نے آج کا دن مانگا ہے، ہم انکے جواب کا انتظار کر رہے ہیں: فضل الرحمان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج کا وقت مانگا ہے اور مجھے ان کا جواب مل جائے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ پی پی اور جے یو آئی نے آئینی ترمیم پراتفاق رائے حاصل کیا تھا، لاہور میں ن لیگ کی قیادت کے ساتھ اس پر مزید مشاورت ہوئی اور ہم نے جن نکات پر اعتراض کیا حکومت اس سےدستبردار ہونے پر راضی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان بل کےحوالے کوئی تنازع نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کو بھی اعتماد میں لیا، ان سے مشاورت جاری رہی، پی ٹی آئی کی قیادت نے بانی پی ٹی آئی کی تائید سے منظوری کو مشروط کیا، مجھ تک بانی پی ٹی آئی کے مثبت رویے کا پیغام پہنچایا گیا، پی ٹی آئی نے آج کا دن مانگا، ان کا جواب کل موصول ہوجائےگا، ہم ان کا انتظار کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کا جواب ملے گا تو اس پر فیصلہ کریں گے، رشوت دینے اور اٹھائے جانے سے متعلق ہماری شکایات دور نہیں ہوئیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ امید ہے مولانا فضل الرحمان کےساتھ اسمبلی کے اگلے سیشن میں ہوں گے اور چاہتا ہوں سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے یہ آئین سازی ہو۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے مسودے پر ساتھ دے گی، میں تو سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظوری چاہتا ہوں اور میں اتحادیوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ابھی تک مشاورت کا موقع دیا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آئینی ترمیم کے مسودے کی تمام پارٹیوں نےتوثیق کی ہے، مولانا فضل الرحمان نے کل تک کا وقت مانگا ہے، مجھے یقین ہےمولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو قائل کریں گے اور امید ہے مولانا فضل الرحمان ہماری درخواست مانیں گےکہ ہمارےبل کوجےیوآئی پیش کرے۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے 24 گھنٹوں میں 4 بار مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کیں اور یہ ملاقاتیں کئی کئی گھنٹے جاری رہی ہیں۔