غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات کی خریدوفروخت میں ملوث ملزم گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرکے ممنوعہ، غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر ممنوعہ، غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور زائد المیعاد ادویات کی تیاری و خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ہفتے کے روز خفیہ اطلاع ملنے پہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گودام پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزم شہزاد آفتاب کو گرفتار کرلیا گیا، چھاپہ مار کارروائی ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ عمل میں لائی گئی۔
ملزم کے قبضے سے زائد المیعاد اور ممنوعہ ادویات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، برآمد شدہ ادویات میں ملٹی وٹامن سپلیمنٹ، اسکن کنڈیشنر اور اینٹی بائیوٹک ادویات شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم شہزاد آفتاب زائد المیعاد ادویات خریدنے میں ملوث پایا گیا ہے، ملزم زائد المیعاد ادویات پر چسپاں تاریخ تبدیل کرکے ان کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا۔
ایف آئی اے نے گودام کو سیل کردیا ہے جبکہ برآمد شدہ ادویات کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔