خیبر پختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری


پشاور(قدرت روزنامہ) خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات 53 ویلج، نیبر ہڈ کونسلز میں جنرل، خواتین، مزدور کسان اور نوجونواں کے لیے مخصوص نشستوں پر ہو رہے ہیں۔
پشاور سمیت صوبے کے 17 اضلاع میں 3لاکھ 45 ہزار 604 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس میں 1لاکھ 85 ہزار 377 مرد اور 1 لاکھ 60 ہزار 227 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ضمنی انتخابات والے اضلاع میں نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولائی پلاس، سوات، شانگلہ، بونیر، لوئر دیر اور باجوڑ شامل ہیں۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے 260 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابات میں 39 جنرل، 6 خواتین، 1مزدور کسان اور 7 یوتھ کی نشستیں شامل ہیں۔
پشاور کی تین تحصیلوں تحصیل پشتخرہ، بڈھ بیر اور حسن خیل کے پانچ ویلج و نیبر ہڈ کونسلز میں پولنگ ہو رہی ہے۔ تینوں تحصیلوں میں 21 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی خدمات کے لیے 800 اہلکار تعینات ہیں، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی کانسٹیبلز بھی تعینات ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو پولیس کو بھی الرٹ کیا گیا ہے۔