وفاقی کابینہ نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترمیم پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور صدر کو اعتماد میں لیا گیا۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے اپنا مسودہ منظور کر لیا ہے، کابینہ نے اس مسودے کی منظوری دی جو پیپلزپارٹی، حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مل کر بنایا۔
گزشتہ شب ہونے والے کابینہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے بل پر غور کیا گیا تھا جس میں بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی دعوت پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات پر کابینہ کو بریفنگ دی تھی۔
بعد ازاں فیصلہ کیا گیا تھا کہ کابینہ کا اجلاس اتوار کو سہ پہر ڈھائی بجے دوبارہ ہوگا جس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئینی یا قانونی بلز کی کابینہ سے منظوری قانونی ضرورت ہے جس کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا۔